MUREE/ ISLAMABAD:
ملک کے معروف سیاحتی مرکز مری میں تاجروں کے دو گروپوں میں لڑائی، مار کٹائی، سرعام شدید فائرنگ اور پتھراؤ، مال روڈ جی پی اوچوک میدان جنگ بن گیا جہاں سیکڑوں سیاحوں نے بھاگ کر جان بچائی جبکہ شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس بے بس نظر آئی۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق ملکہ کوہسار مری کا مرکز جی پی او چوک اس وقت میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا جب مقامی تاجروں کے دو گروپس میں لڑائی شروع ہو گئی اور دونوں جانب سے شدید فائرنگ، ڈنڈوں اور پتھروں کا استعمال کیاگیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے اور کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
اس دوران جی پی او چوک میں بھگدڑ مچ گئی اور سیاحوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ دونوں گروپس کے درمیان چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے پر الزامات لگائے جا رہے تھے اور نوبت آج تصادم تک پہنچ گئی۔
تاجروں کے گروپس کے درمیان لڑائی کے دوران پولیس بے بس دکھائی دی تاہم لڑائی کے بعد اے ایس پی اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔
اے ایس پی مری زمان علی کے مطابق دونوں گروپس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے،کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔