بھارتی کرکٹ ٹیم کی کنگ چارلس سوم سے خصوصی ملاقات

برطانوی بادشاہ نے ہمارے آخری بیٹر کے آؤٹ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا، شبمن گل


ویب ڈیسک July 15, 2025

لندن:

لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 22 رنز سے شکست کے اگلے ہی دن بھارت کی مرد و خواتین کرکٹ ٹیموں نے لندن کے کلیئرنس ہاؤس میں برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ٹیم کے کپتان شبمن گل، جسپریت بمراہ، رشبھ پنت اور دیگر کھلاڑی بھی موجود تھے، کنگ چارلس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے جذبے کی تعریف اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔

کنگ چارلس نے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میچ کی جھلکیاں دیکھی ہیں، بھارت کے آخری کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کے انداز کو کنگ چارلس نے "بدقسمت لمحہ" قرار دیا۔

میچ کے آخری لمحات میں محمد سراج جو بھارت کی آخری امید تھے، شعیب بشیر کی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوگئے جب گیند بیٹ سے لگنے کے بعد وکٹوں پر جا لگی۔

شبمن گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنگ چارلس سوم سے ملنا ایک شاندار تجربہ تھا، یہ ان کی بڑی مہربانی تھی کہ انہوں نے ہمیں دعوت دی۔

بھارتی کپتان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے ہماری کارکردگی پر بات کی اور بتایا کہ آخری بیٹر کے آؤٹ ہونے کا انداز واقعی بدقسمتی تھا کیونکہ گیند صرف رول ہو کر وکٹوں پر لگ گئی۔ ہم نے بھی انہیں بتایا کہ یہ میچ ہم بہت قریب سے ہارے اور اگر تھوڑا سا وقت ہمارے حق میں ہوتا تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا، امید ہے اگلے میچز میں ہماری قسمت ساتھ دے گی۔

یاد رہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے آخری روز بھارت نے 58 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دی تھیں مگر رویندرا جڈیجا کی 181 گیندوں پر ناقابل شکست 61 رنز کی دلیرانہ اننگز نے میچ کو آخری لمحات تک دلچسپ بنا دیا۔ انہوں نے نچلے آرڈر میں نیتیش ریڈی، بمراہ اور محمد سراج کے ساتھ بالترتیب 30، 35 اور 23 رنز کی قیمتی شراکتیں بنائیں۔

تاہم بھارت 74.5 اوورز میں 170 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا اور یوں ایک تاریخی جیت سے صرف 22 رنز دور رہ گیا۔

مقبول خبریں