پشاور:
الیکشن کمیشن کے خط پر گورنر سیکریٹریٹ نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو خط لکھ دیا جس میں کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے لیے کے پی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر بلایا جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خط پر گورنر سیکریٹریٹ خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو باضابطہ طور پر خط لکھ دیا۔ پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنرزبیر ارشد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پرنسپل سیکریٹری کے نام یہ خط ارسال کیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی تحریری ہدایات جاری کی ہیں تاکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کی حلف برداری کو یقینی بنایا جاسکے۔
خط کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے رولز آف بزنس 1985 کے رول 36(1)(a) بمعہ شیڈول V کے تحت صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا معاملہ معزز گورنر خیبرپختون خوا کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ذریعے بھیجا جانا ضروری ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے آئین کے آرٹیکل 109(a) کے تحت صوبائی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔