کراچی، اسکریپ کے بڑے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی

فائر بریگیڈ اور ریسکیو 112 نے 3 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا


یحییٰ خان July 23, 2025

کراچی:

شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی میں واقع کباڑ کے بڑے گودام میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھے کہ شعلے اور دھواں دور دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ مقام پر استعمال شدہ کپڑوں، پلاسٹک اور دیگر اشیاء کے کئی گودام موجود ہیں، جہاں اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے 15 گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

 آگ لگنے کے بعد علاقہ دھوئیں سے بھر گیا اور فضا میں سانس لینا مشکل ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق فائر بریگیڈ کے عملے کو پانی کی شدید کمی کا سامنا رہا۔ متعدد فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے تاہم اُن میں موجود پانی ختم ہوگیا ہے اور  فائر فائٹرز نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں کی،

حکام نے آگ پر قابو پانے کے لیے مزید فائر ٹینڈرز طلب کر لیے، ریسکیو 1122 اور فائر فائٹرز نے 3 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کولنگ کا عمل جاری ہے جس میں مزید ایک سے دو گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ 
 

جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کی نفری موجود ہے، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جبکہ آگ کے باعث جانی نقصان کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

مقبول خبریں