پشاور سمیت دیگر شہروں میں موسلادھار بارش، ندی نالوں میں طغیانی، 3افراد زخمی

شدید بارش کی وجہ سے تخت بھائی شہر میں ایک بوسیدہ دکان کی چھت گر گئی


ویب ڈیسک July 23, 2025

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

ضلع مردان کی تحصیل تخت بھائی میں مسلسل دو گھنٹے کی شدید بارش سے ملاکنڈ روڈ پر بارش کا پانی سیلاب کی طرح بہنے لگا۔

بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے بھاری مالی نقصان کا خدشہ ہے، بیشتر گاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس کر رہ گئیں۔

شدید بارش کی وجہ سے تخت بھائی شہر میں ایک بوسیدہ دکان کی چھت گر گئی، جس کے باعث تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ایم ایم سی مردان منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کی ایمبولینس بھی بارش کے پانی میں پھنس گئی، جس کی وجہ سے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تحصیل ستم اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے وچ خوڑ میں شدید طغیانی آگئی۔ شدید بارش سے رستم بونیر روڈ سڑک پر بارش کا پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔

دیر

دیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے سبب گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ تاہم، ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔

موسلادھار بارش سے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بہہ گئیں۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابرآلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

چترال، بالائی و زیریں دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان بالائی و زیریں کے بیشتر مقامات پر گرج چمک اور ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کولئی پلاس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی اور مردان، میں بھی گرچ چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ اور مہمند میں بھی کہیں کہیں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواوُں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے جس سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ بارش کے باعث چترال، سوات، بونیر، دیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کمبھے، گاڑیاں اور سولر پینل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

تمام متعلقہ اداروں کو اس دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

گزشتہ روز تخت بھائی مردان میں 37 ملی میٹر بارش، کاکول اور بالاکوٹ میں 30، سیدو شریف میں 34، پاراچنار میں 25 اور مالم جبہ میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرارت 40، پشاور کا 35، چترال کا 37، دروش اور بنوں کا 39، کالام کا 26 اور مالم جبہ کا 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مقبول خبریں