پشاور سے تعلق رکھنے والی علی سسٹرز کی سب سے بڑی بہن مہوش علی پر ایشین اسکواش فیڈریشن نے چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی۔ نامناسب رویے کے خلاف پاکستان اسکواش فیڈریشن نے بھی تادیبی کاروائی کرے گی۔
بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی مہوش علی پر شکست کے بعد حریف کھلاڑی کے خلاف نازیبا اشارہ کرنے کی پاداش میں پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنوبی کوریا میں منعقدہ 32ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے گرلز انڈر 17 ایونٹ کے راؤنڈ 16 میں سیڈ5 ہانگ کانگ کی چانگ وائی لی کے خلاف شکست کے بعد مہوش علی نے نامناسب رویہ اپنایا تھا۔
مہوش علی نے حریف کھلاڑی کی طرف نازیبا اشارہ کرتے ہوئے اس سے ہاتھ ملانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔
دریں اثنا موقف جاننے کے لیےمتعدد مرتبہ رابطے اور پیغامات چھوڑنے کے باوجود مہوش علی کے والد و کوچ عارف علی نے جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن نے بھی مہوش علی کے خلاف تادیبی کاروائی کا عندیہ دیا ہے۔