ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
میزبان ٹیم نے 20ویں اوور کی آخری گیند پر ہدف حاصل کیا، جیسن ہولڈر نے شاہین شاہ آفریدی کو چوکا لگا کر جیت کا جشن منایا۔
ویسٹ انڈیزکو 17-2016 کے بعد پاکستان کے خلاف کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاوڈرہل میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔
گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بناتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں حسن نواز 40 اور سلمان آغا 38 رنزبناکر نمایاں رہے جبکہ فخرزمان 20 رنزبناکرہمت ہارگئے، حسن علی 8،صائم ایوب صرف 7 رنز بنا کر چلتے بنے۔
یہ پڑھیں: دورہ ویسٹ انڈیز، قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم فلوریڈا پہنچ گئے
صاحبزادہ فرحان 3 اسکور بنا کرپویلین لوٹ گئے۔ محمد حارث صرف 4 ،محمدنواز 2 رنز کا اضافہ کرسکے۔ فہیم اشرف نے کھاتہ کھولنابھی گوارہ نہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔ دوسرے میچ میں پاکستان نے حارث رؤف کی جگہ حسن علی کو شامل کیا تھا۔