
پنجاب کے وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے 78 ویں جشن آزادی کے موقع پر کہا ہے کہ یہ سب کا پاکستان ہے اور پاکستان بھر میں تمام مذہبی اقلیتیں محفوظ ہیں۔
لاہور میں پاکستان کے 78 ویں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی، تقریب کی نظامت کرسچن اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈینیٹر یاسر نئیر نے کی۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے شرکا کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹا اور تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر مذہب کے ماننے والے رہتے ہیں، یہ سب کا پاکستان ہے اور سب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان بھر میں تمام مذہبی اقلیتیں محفوظ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اقلیتوں کے تہواروں میں شریک ہوتی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے 50 ہزار خاندانوں کو مینارٹی کارڈز جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا گل دستہ ہے جہاں تمام مذاہب نظر آتے ہیں۔
جشن آزادی کی تقریب سے پنڈت بھگت لعل اور ریورنڈ امجد نیامت نے بھی خطاب، پروفیسر سید محمود غزنوی، پنڈت بھگت لعل، سہیل احمد رضا سمیت دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔
تقریب کے شرکا نے یوم آزادی جوش و جذبے سے منانے کا عزم دہرایا اور آپس میں پیار و محبت کے فروغ پر زور دیا۔