OTTAWA:
کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمیشن اور تین قونصل خانوں نے 79 واں یومِ آزادی اور ”معرکہ حق“ جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔
تقریب کا آغاز اوٹاوا میں قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد صدر، وزیراعظم اوروزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریب سے خطاب میں ہائی کمشنر محمد سلیم نے کہا کہ یوم آزادی نہ صرف جشن کا دن ہے بلکہ ان شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع بھی ہے جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک کا دفاع کیا۔
انہوں نے مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کا جرات مندانہ جواب دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ ”معرکہ حق“ پاکستان کے عوام اور افواج کی بہادری اور یکجہتی کا مظہر ہے۔
انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے مکمل یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوش حالی اور مسلح افواج کی مزید طاقت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
پاکستانی کمیونٹی، عمائدین اور پاکستان کے دوستوں نے تقریب میں بھرپور شرکت کرکے پاکستان سے اپنی وابستگی اور محبت کا اظہار کیا۔