راولپنڈی؛ پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ، انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم ہلاک

ملزم عامر شاہ راولپنڈی اور سرگودھا میں قتل کے 12مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا


صالح مغل August 17, 2025

راولپنڈی:

ٹیکسلا کے علاقے میں سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کے دوران بدنام زمانہ انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم عامر شاہ مارا گیا۔

ذرائع سی سی ڈی کے مطابق ملزم کے ساتھی موقع سے موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے تاہم علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ملزمان کو مشکوک جان کر ناکہ بندی کے دوران سی سی ڈی ٹیم نے روکنے کی کوشش کی تھی۔ سی سی ڈی ٹیم کے روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کی اور دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، اسپتال منتقلی کے دوران ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ سی سی ڈی اہلکار محفوظ رہے۔

ملزم عامر شاہ راولپنڈی اور سرگودھا میں قتل کے 12مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا۔

ملزم نے دینہ کے قریب اے این ایف اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا جبکہ عید کے ایام میں درکالی سیداں جاتلی میں تین افراد کو بھی قتل کیا تھا۔ ملزم نے تھانہ پھلروان سرگودھا میں خاتون کو باپ اور بھائی سمیت بھی قتل کیا تھا۔

ملزم سوشل میڈیا پر پولیس اور سی سی ڈی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو دھمکیاں دیتا تھا۔ ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک چیلنج بنا ہوا تھا۔

مقبول خبریں