کراچی: را کیلئے کام کرنے والا ملزم 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

ملزم ارسلان کیخلاف مقدمے کی سماعت سینٹرل جیل میں خصوصی عدالت کے روبرو ہوئی


کورٹ رپورٹر August 18, 2025

کراچی:

انسداد دہشتگری کی منتظم عدالت نے ٹیرر فنانسنگ اور سہولتکاری کے مقدمے میں بھارتی خفیہ ایجنسی (را) کے لیے کام کرنے والے گرفتار ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔

کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو ٹیرر فنانسنگ اور سہولتکاری کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سی ٹی ڈی نے بھارتی ایجنسی کے لیے کام کرنے والے ایک اور ملزم ارسلان کو پیش کردیا۔

سی ٹی ڈی افسر ایاز نے بتایا کہ ملزم ارسلان کو گرفتار ملزمان کی نشادہی پر حراست میں لیا گیا۔ ملزم پر دیگر گرفتار ملزمان کی سہولت کاری اور رقم پہنچانے کا الزام ہے، ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے ملزم ارسلان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم عمیر نے جے آئی ٹی کے سامنے عبد الرحمان عرف رضا اللہ کے قتل کا انکشاف کیا ہے۔ ملزم نے اپنے کزن محمد سلمان عرف بھالو بھارتی شہری سنجے سنجیو کمار عرف فوجی (RAW) کی ایما پر قتل کیا۔

عبد الرحمان عرف رضا اللہ کو سندھ کے شہر ماتلی میں ٹارگٹ کیا گیا۔ ارسلان نامی شخص نے قتل سے پہلے اور بعد میں رقوم کی ترسیل کی۔

قتل میں استعمال ہونے والے اسلحہ کی فراہمی ملزم عمیر نے کی۔ 32 سے 33 لاکھ روپے محمد سلمان اور فہد نصیر کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے۔ ملزم اور دیگر ساتھیوں کیخلاف سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں