کراچی میں لوٹ مار کے دوران شہری کی فائرنگ سے 1 ڈاکو ہلاک اور دو زخمی

گولی لگنے سے ایک ڈاکو زخمی ہوا جبکہ تیسرے کو عوام نے پولیس کے حوالے کردیا


منور خان August 19, 2025
فوٹو: فائل

کراچی: بلوچ کالونی ڈیفنس ویو میں قائم نجی یونیورسٹی کے قریب شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا ساتھی زخمی جبکہ عوام نے تیسرے ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

ایس ایچ او بلوچ کالونی مظہر کانگو نے بتایا کہ ڈیفنس ویو میں نجی یونیورسٹی کے قریب نامعلوم شہری کی جانب سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکوؤں کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کی اطلاع موصول ہوئی۔

جس پر پولیس موقع پر پہنچی تو ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی حالت میں ملا اور عوام نے تیسرے ڈاکو کو پکڑا ہوا تھا جسے بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

 پولیس نے ہلاک ڈاکو کی لاش اور زخمی ساتھی کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ ڈکیتوں کے قبضے سے اسلحہ ، گولیاں ، 6 موبائل فونز ، نقدی اور موٹر سائیکل ملی ہے۔

 شہری کی فائرنگ سے زخمی ڈاکو کی شناخت ندیم جبکہ تیسرے ساتھی کو علی امان کے نام سے شناخت کیا گیا ہے جبکہ فوری طور پر ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم پولس تلاش ایپ کی مدد سے شناخت کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔

 مظہر کانگو کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 2 خول ملے ہیں جبکہ فوری طور پر فائرنگ کرنے والے شہری کا کچھ پتہ نہیں چل سکا تاہم پولیس اسے تلاش کر رہی ہے اور جائے وقوعہ کے قریب موجود سی سی ٹی وی کیمروں کو تلاش کر  کے فوٹیجز حاصل کر رہی ہے۔

مقبول خبریں