لاہور میں بیوی سے جھگڑے کے بعد دلبرداشتہ ہائی ٹینشن کھمبے پر چڑھنے والے شہری (رکشہ ڈرائیور) کو ریسکیو کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل ٹاؤن ارفع کریم ٹاور کے پاس شہری احتجاجاً ہائی ٹینشن بجلی کے کھمبے پر چڑھا اور خودکشی کی دھمکی دی۔
شہری کے کھمبے پر چڑھنے کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے شہری سے مذاکرات کیے اور پھر اسنارکل کے ذریعے اُسے نیچے اتار لیا۔
پولیس کے مطابق کھمبے ہر چڑھنے والا شہری محمد نواز چوہنگ کا رہائشی ہے، جس کی گھر میں لڑائی ہوئی اور پھر چالان بھی ہوا۔ دو گھنٹے کے مذاکرات کے بعد شہری کو باحفاظت اتار لیا گیا۔ ریسکیو 1122 نے متاثرہ فرد کو اہل خانہ کے حوالے کردیا۔
ایس پی ڈاکٹر ایاز نے بتایا کہ پینتیس سالہ محمد نواز نامی شہری (رکشہ ڈرائیو) تین سو میٹر ہائی وولٹیج کھمبے پر چڑھ گیا تھا۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے ایک شخص کی جان بچائی۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کرنے کے لیے میں خود اسنارکل پر موجود تھا اور پانچ گھنٹے تک بات چیت ہوئی جس سے دوران شہری نے بتایا کہ بیوی کے ساتھ جھگڑے کے بعد وہ دلبرادشتہ ہوکر خودکشی کی نیت سے ہائی ٹینشن والے کھمبے پر چڑھا۔
ایس پی کے مطابق نواز نے میڈیا سے بات کرنے کا مطالبہ کیا، میں ایک میڈیا ورکر بن کر سنارکل کے ذریعے اسکے پاس گیا۔ مجھے احساس ہوا کہ میڈیا پر لوگوں کو بہت اعتماد ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں نے آپریشن میں بہترین کردار ادا کیا۔ رکشہ ڈرائیور نواز کا ذہنی توازن بلکل ٹھیک ہے۔