وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رائیونڈ میں تبلیغی مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تبلیغی جماعت کے اکابرین سے ملاقات کی اور اجتماع کے لیے آنیوالےغیر ملکی وفود کے ویزہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں مولانا محمد احمد بٹلر، مولانا عبیداللہ خورشید، ڈاکٹر سیلم، انوار غنی، میاں احسن، ڈاکٹر ندیم اشرف، مولانا عامر احسان، مولانا امجد فاروق، شبیر احمد عثمانی، مفتی عرفان اور بریگیڈیئر (ر) مصدق شریک تھے۔
اس موقع پر نومبر میں منعقد ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تبلیغی جماعت کے اکابرین نے وزیر داخلہ کو اجتماع کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے تبلیغی جماعت کی دین اسلام کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اجتماع کے لیے بیرون ممالک سے آنے والے وفود کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں کہیں ویزا کا مسئلہ ہوا، اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے گا۔ تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے وفود ہمارے معزز مہمان ہیں، ان کے لیے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ہر سال باقاعدگی سے تبلیغی اجتماع میں شرکت کرتے ہیں اور اس سال بھی شرکت کریں گے۔
مولانا محمد احمد بٹلر نے اس موقع پر کہا کہ سب نے اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹ جانا ہے، ہمیں دین اسلام اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے میں ہی بھلائی اور کامیابی ہے۔