یمن کے دارالحکومت صنعا پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم دو افراد شہید اور 35 زخمی ہوگئے۔
حوثی حکام کے مطابق حملے کا نشانہ شہر کی ایک میونسپل عمارت اور تیل کمپنی کی تنصیبات تھیں۔
دھماکے کے بعد آسمان پر آگ کے شعلے بلند ہوئے اور سیاہ دھواں چھا گیا۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ یہ کارروائی حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل پر بار بار کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ فضائی حملے میں صدارتی محل کے قریب کے علاقے، دو پاور پلانٹس اور ایک ایندھن کے ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل بھی اسرائیل یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر متعدد بار کارروائیاں کر چکا ہے۔
حوثی باغی اکتوبر 2023 سے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون داغنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایسا کرتے ہیں۔ بیشتر حملے ناکام یا روک لیے گئے، تاہم اسرائیل نے ان کے جواب میں صنعا اور دیگر شہروں میں حملے تیز کر دیے ہیں۔