بالی ووڈ اسٹار عالیہ بھٹ نے گھر کی ویڈیو وائرل ہونے کو پرائیویسی کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
اداکارہ عالیہ بھٹ نے حال ہی میں اپنی اور رنبیر کپور کی رہائش گاہ "کرشنا راج بنگلہ" کی بغیر اجازت بنائی گئی ویڈیو وائرل ہونے پر شدید ردِعمل دیا ہے۔ یہ بنگلہ ممبئی کے علاقے پالی ہل میں واقع ہے اور گزشتہ 5 سال سے زیر تعمیر ہے تاہم اب کہا جارہا ہے کہ یہ تیار ہوگیا ہے اور اداکارہ اپنے خاندان کے ہمراہ اس میں شفٹ ہونے والی ہیں۔
حال ہی میں 250 کروڑ مالیت کے اس 6 منزلہ بنگلے کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر گردش کرنے لگی، جس پر عالیہ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام کے ذریعے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ذاتی رہائش گاہ کی بغیر اجازت ویڈیو بنا کر وائرل کرنا نہ صرف پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ سیکیورٹی کا بھی سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایسی ویڈیوز فوری طور پر ہٹا دی جائیں یہ کانٹینٹ نہیں کسی کی ذاتی چیز ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کے اس پیغام پر ملا جلا ردعمل دے رہے ہیں کچھ نے عالیہ کی حمایت کی جبکہ بعض نے ان پر سابقہ مواقعوں پر پاپارازی کو مدعو کرنے کا الزام بھی لگایا۔