انڈونیشیا میں مظاہرے، صوبوں میں پارلیمنٹ کی عمارتیں نذر آتش، صدر کا دورہ چین منسوخ

اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں کے معاملے پر شروع ہونے والا احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے


ویب ڈیسک August 31, 2025
فوٹو: رائٹرز

JAKARTA:

انڈونیشیا میں احتجاج شدت اختیار کردیا گیا جہاں مختلف صوبوں میں پارلیمنٹ کی عمارتیں نذر آتش کردی گئیں، جس کے نتیجے میں صدر پرابوو سوبیانتو نے چین کا شیڈول دورہ منسوخ کردیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کو 3 ستمبر کو جنگ عظیم دوم کے اختتام کے 80 ویں سال کے موقع پر چین کے یوم فتح کی پریڈ میں شرکت کرنا تھی۔

صدارتی ترجمان پراسیتیو ہادی نے بیان میں کہا کہ صدر چاہتے ہیں کہ وہ خود براہ راست صورت حال کا جائزہ لیں اور بہتر حل نکالنے کے خواہاں ہیں اور اسی لیے انہوں نے چینی حکومت سے معذرت کرلی کہ وہ دعوت پر شرکت نہیں کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر کا دورہ چین منسوخ ہونے کی دوسری وجہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہے۔

صدر پرابوو سوبیانتو کی حکومت کو تقریباً ایک سال ہونے والا ہے تاہم دارالحکومت جکارتہ میں احتجاج رواں ہفتے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں کے معاملے پر شروع ہوا تھا اور جب پولیس کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوا تو اس میں مزید شدت آگئی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے جنوبی نوسا ٹینگارا، وسطی جاوا کے شہر پیکالونگن اور مغربی جاوا کے شہر سیریبون میں پارلیمنٹ کی عمارتوں کا آگ لگا دی۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ مظاہرین نے سیریبون میں پارلیمنٹ کی عمارتوں سے اشیا بھی لوٹ لیں اور پولیس نے پیکالونگن اور جنوبی نوسا ٹینگارا میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس فائر کیا۔

انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ جنوبی سولیواسی صوبے کے دارالحکومت ماکاسر میں جمعے کو پارلیمنٹ کی عمارت نذر آتش کی گئی اور اس دوران 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

سرکاری خبرایجنسی نے بتایا کہ جاں بحق افراد نذرآتش ہونے والی عمارت میں پھنس گئے تھے اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ دو افراد عمارت میں لگی آگ سے بچنے کی کود گئے اور وہ زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی میڈیا نے بتایا کہ ماکاسر پارلیمنٹ کی عمارت میں آگ لگنے کی وجہ سے ایک اور شہری جاں بحق ہوگئے ہیں تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

مقبول خبریں