نارتھ ناظم آباد ضیا الدین چورنگی کے قریب سوئی گیس کی لائن ڈالنے کے لیے کھودے گئے گڑھے میں گرنے سے محنت کش مٹی کے تودے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا۔
اس حوالے سے ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ایمبولینس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور مٹی میں پھنسی ہوئی متوفی کی لاش کو نکال کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ۔
ہیڈ محرر تھانہ نارتھ ناظم آباد ذیشان نے بتایا کہ مذکورہ مقام پر سوئی گیس کی لائن ڈالنے کا کام چل رہا تھا کہ اس دوران ایک مزدور اتفاقیہ طور پر گڑھے میں گر گیا جس کی وجہ سے اسے سر پر بھی گہری چوٹ آئی اور اس دوران گڑھے میں مٹی کا تودہ بھی اس پر گر گیا۔
متوفی کی شناخت 40 سالہ جمیل کے نام سے کی گئی تاہم اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔