اسلام آباد:
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ میں مقدمات نمٹانے کی رپورٹ کے جائزے کے بعد مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جہاں سپریم کورٹ کے مختلف شعبوں کے حکام نے شرکت کی۔
سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ بہتری کے لیے89 ٹاسک مقرر کیے گئے تھے، جن میں سے 30 ٹاسک کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق 44 قسم کے اقدامات پر کام جاری ہے اور 14 تکمیل کے قریب ہیں۔
اجلاس میں مقدمات کو نمٹانے کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا اور چیف جسٹس نے مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بتایا کہ بروقت انصاف کی فراہمی آئینی مینڈیٹ ہی نہیں اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے آئندہ اجلاس سے پہلے ریفارمز کے تمام ٹاسک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔