اسلام آباد، خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

زلزلے کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش ریجن اور گہرائی 111 کلو میٹر تھی، پی ایم ڈی


ویب ڈیسک September 04, 2025
فوٹو: اسکرین شاٹ

پشاور/ اسلام آباد:

وفاقی دارالحکومت سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے اور شہری خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔

محکمہ موسمیات(پی ایم ڈی) کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 9 بج کر 56 منٹ پر آئے، جن کی شدت 5.9 اور گہرائی 111 کلو میٹر تھی۔

زلزلے کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش ریجن تھا، پاکستان میں پشاور، مانسہرہ، ہنگو، ایبٹ آباد، سوات، اٹک، مالاکنڈ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ نوشہرہ اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم ریسکیو 1122 کے عملے کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو ابھی تک کوئی ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی۔

پشاور میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

ہنگو ، ٹانک، بونیر، سوات، رستم اور اطراف میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

صوبائی ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بیان میں کہا کہ تاحال کسی قسم کے نقصان کی رپورٹ نہیں ہے تاہم مختلف شہروں سے زلزلے کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اور این ڈی ایم سے بھی رابطے میں ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کو صوبے کے تمام اضلاع سے موصول زلزلے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے، صوبے بھر میں زلزلے سے کوئی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24/7 الرٹ ہیں اور زلزلہ سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔

مقبول خبریں