مون سون کا طاقتور اسپیل؛ کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوش گوار

منگل کو کراچی میں شدید موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے


آفتاب خان September 07, 2025

کراچی:

مون سون کے طاقتور اسپیل کے تحت کراچی کے مضافاتی علاقوں میں تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ موسم بھی خوش گوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان (انڈیا) سے صوبہ سندھ پر مون سون ہوائیں مسلسل اثرانداز ہو رہی ہیں۔

کراچی میں آج شام سے 11 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی و موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

منگل کو کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار اور شدید موسلادھار بارشیں ہونے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

موسلا دھار بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، حیدر آباد اور کراچی میں شہری سیلاب اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں متوقع ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 سے 85 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

بارش کے دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور آندھی کی بھی توقع ہے لہٰذا عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ موسمی سرگرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مقبول خبریں