جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی نے پی ای سی ایچ ایس میں گھریلو ملازمہ بچی پر تشدد اور استری سے جلانے کیخلاف مقدمے میں ملزمان میاں، بیوی کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو پی ای سی ایچ ایس میں گھریلو ملازمہ بچی زینب پر تشدد اور استری سے جلانے کیخلاف مقدمے میں ملزمان کی ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں استری کے دوران دوپٹہ جلنے پر مالکن کا 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر انسانیت سوز تشدد
پولیس نے ملزمان میاں، بیوی شہروز اور کنول کو عدالت میں پیش کیا، وکیل صفائی نے مؤقف دیا کہ مدعی مقدمہ کی جانب سے ہمیں بلیک میل کیا جارہا ہے، ہم پھر سے واقعے پر معذرت خواہ ہیں۔
عدالت نے ملزمان کی 30، 30 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی، پولیس نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
پولیس کے مطابق زینب کی کمر، ہاتھ اور ٹانگوں کو گرم استری سے بری طرح جلایا گیا، بچی کو علاج معالجے کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا تھا۔
وقوعہ کی اطلاع ملنے پر بچی پر تشدد میں ملوث ملزمان میاں بیوی کو گرفتار کرکے فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔