لاگوس: نائجیریا کی شمال مشرقی ریاست بورنو میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے حملے میں کم از کم 63 افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ حملہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب باما کے علاقے کے گاؤں "دارالجمال" میں ہوا، جہاں حال ہی میں کیمپ سے بے گھر افراد کو دوبارہ آباد کیا گیا تھا۔
مقامی حکام کے مطابق مرنے والوں میں تقریباً 60 عام شہری اور 5 فوجی اہلکار شامل ہیں۔ واقعے کے بعد گورنر باباگانا زُلوم نے متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا اور کہا کہ وہ اس المناک سانحے پر شدید رنجیدہ ہیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ فوجی نفری اتنی نہیں ہے کہ ہر علاقے کو مکمل تحفظ فراہم کر سکے، اس لیے حال ہی میں تربیت پانے والے "فارسٹ گارڈز" کو تعینات کیا جائے گا تاکہ دیہات اور جنگلات کو شدت پسندوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔
بوکو حرام 2009 سے اب تک لاکھوں افراد کو بے گھر اور ہزاروں کو ہلاک کر چکی ہے۔ یہ تنظیم نائجیریا کے ساتھ ساتھ چاڈ، نائجر اور کیمرون میں بھی سرگرم ہے۔