اسرائیل کا دوحہ میں حماس رہنماؤں پر فضائی حملہ؛ قطر کا ردعمل آگیا

اسرائیل نے دوحہ کی عمارت پر حملہ کیا جہاں حماس رہنما غزہ جنگ بندی کی امریکی تجویز پر غور کر رہے تھے


ویب ڈیسک September 09, 2025

قطر نے اپنے دارالحکومت میں ایک عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید الفاظ مذمت کرتے ہوئے غزہ جنگ بندی معاہدے سے خود کو علیحدہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا یہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا یہ حملہ قطر کی سلامتی و خودمختاری پر حملہ ہے۔ ملکی سکیورٹی ادارے اور سول ڈیفنس فوری طور پر کارروائی میں مصروف ہیں۔

قطری وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات جاری ہیں۔ ایسے "غیر ذمے دارانہ رویے" کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

اسرائیل کے اس حملے کے بعد قطر نے عندیہ دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے جاری عالمی مذاکرات میں اپنے ثالثی کے کردار کو ختم کردے گا۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے دوحہ میں حماس رہنما الخلیل الحیا کو نشانہ بنایا ہے جو 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے منصوبہ ساز تھے۔

تاہم حماس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اُس عمارت پر حملہ کیا جہاں حماس کی اعلیٰ قیادت جنگ بندی پر امریکی تجویز پر مشاورت کر رہی تھی۔

حماس کے ذرائع نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا کہ اسرائیلی حملے میں الخلیل الحیا شہید ہوگئے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں شامل تمام رہنما محفوظ ہیں۔

 

 

مقبول خبریں