کراچی:
وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی میں بارش کے بعد انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اسی سلسلے میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے بعد نکاسی آب اور ٹریفک روانی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
چیف سیکریٹری سندھ نے ٹاور، شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، میٹروپول، ایم اے جناح روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور موقع پر انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو مزید ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولت کے لیے تمام ادارے فیلڈ میں موجود رہیں اور اپنی کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے واضح ہدایت دی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور کے ایم سی کی ٹیمیں بارش کے دوران ہر وقت فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ شہریوں کو نکاسی آب، ٹریفک روانی اور ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ بارش میں شہریوں کو ٹریفک کی بروقت معلومات نہ ملنے پر مشکلات پیش آئیں، تاہم اس بار ٹریفک پولیس ایف ایم 88.6 اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کر رہی ہے، تاکہ لوگ متبادل راستوں کے بارے میں بروقت جان سکیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے اس موقع پر کہا کہ اداروں کے مشترکہ اقدامات بارش کے دوران کامیاب رہے ہیں، ٹریفک روانی اور نکاسی آب کے انتظامات مؤثر رہے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ اور کے ایم سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات کے باعث اہم شاہراہوں پر پانی کا فوری نکاس ممکن ہوا اور مزید بارشوں کے پیش نظر بھی ادارے متحرک رہیں۔
اس دوران چیف سیکریٹری سندھ کو موقع پر موجود اہلکاروں نے بتایا کہ کے ایم سی اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ڈی واٹرنگ مشینیں اور پمپس نصب کیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو 1122 اور پولیس ٹیمیں بارش کے دوران عوام کو فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ شہریوں کے لیے سہولت فراہم کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم ورک اور اداروں کی ہم آہنگی ہی ہے جس کے باعث شہریوں کو بارش کے دوران ریلیف مل سکا ہے۔