کراچی:
منگھوپیر میں فائرنگ کے واقعے میں کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا، پولیس نے فائرنگ کے الزام میں سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق منگھوپیر کے علاقے حاجی ملک گوٹھ واٹر بورڈ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد ایدھی کے رضا کاروں کی مدد سے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی جہاں متوفی کی شناخت 5 سالہ ایان ولد وحید نواز کے نام سے ہوئی جس کے سینے پر گولی لگی تھی۔
ایس ایچ او منگھوپیر زبیر نواز نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق جائے وقوع کے قریب واٹر بورڈ ہائیڈرنٹ کے سیکیورٹی گارڈ سے گولی چلی تھی جو کہ گلی میں کھیلتے ہوئے ایان کو جا کر لگی تھی، پولیس نے سیکیورٹی گارڈ شاہزور کو حراست میں لے کر 222 رائفل کو قبضے میں لے لیا۔
اس حوالے سے مقتول ایان کے ورثا کی جانب سے مقدمہ درج کرایا جائے گا تاہم ابھی اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ گولی اتفاقیہ چلی تھی یا گارڈ نے کسی وجہ سے فائرنگ کی تھی جو بچے کو لگی تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد مقتول بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردی۔