کراچی:
قائد آباد شیر پاؤ کالونی میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کے فلمی انداز میں پیش آئے واقعے میں اپنے ٹارگٹ کو نشانہ بنانے والے ملزم کو کسی اور نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
قائد آباد شیر پاؤ کالونی میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کی اطلاع ملتے ہی قائد آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے دستیاب شواہد حاصل کر کے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔
ایس ایچ او قائد آباد عنایت اللہ مروت نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر شاہجہاں نامی شخص کو قتل کرنے کا سامنے آیا ہے اور جس شخص نے شاہجہاں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا وہاں موجود دیگر افراد نے اسے بھی فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا اور اس کا اسلحہ بھی چھین کر فرار ہوگئے اور فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
انھوں نے بتایا کہ مقتول شاہجہاں کا تعلق ہزارے سے تھا اور اس نے 2 ماہ قبل کسی لڑکی کو بھگا کر پسند کی شادی کی تھی اور مذکورہ علاقے میں رہائش پذیر تھا تاہم شبہ ہے کہ واقعے میں مبینہ طور پر لڑکی کے قریبی رشتے دار ملوث ہوسکتے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس مقتول شاہجہاں کے لواحقین سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے جبکہ واقعے سے متعلق درج کرائے جانے والے مقدمے میں صورتحال واضح ہوجائیگی ، پولیس ہلاک ہونے والے نامعلوم ملزم کی شناخت کے حوالے سے بھی کوششیں کر رہی ہے تاکہ دہرے قتل کے واقعے میں کوئی اہم پیش رفت سامنے آسکے۔