کراچی:
جامعہ کراچی میں دو طلبہ تنظیموں کے تصادم میں دو طالب علم زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سندھی شاگردان نامی تنظیم کے ساتھ تصادم میں اسلامی جمعیت طلبہ سے تعلق رکھنے والے دو طالب علم زخمی ہوئے۔
دونوں جماعتوں کے درمیان جامعہ کراچی کے اندر واقع آرٹس لابی میں تصادم ہوا جس کے بعد مشتعل افراد نے لابی کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگائی۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر جمعیت کے ایک زخمی کارکن کو اپنی گاڑی میں بٹھاکر کلینک روانہ ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر رینجرز اور مبینہ ٹاؤن تھانے سے پولیس کی نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔
دوسری جانب جامعہ کراچی میں اسلامی جمعیت طلبا کے ترجمان حسن احمد نے بتایا کہ باہر سے آئے ہوئے دو درجن سے زائد افراد نے ہمارے کارکنان پر حملہ کیا اور انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ہمارے 2 کارکنان زخمی ہوئے، جن کی شناخت کرمنالوجی ڈپارٹمنٹ کے ایم فل کے طالب علم فہیم خان اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ فائنل ایئر کے حسان سے ہوئی۔
ترجمان اسلامی جمعیت طلبا کے مطابق دونوں زخمی کارکنان مسکن کے قریب واقع نجی اسپتال میں موجود ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ بیرونی عناصر کے خلاف مقدمہ درج کرائے۔