ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھارت کو میچ جیتنے کیلئے 58 رنز درکار ہیں، پیر کو چوتھے روز کے اختتام پر بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 63 رنز بنالیے۔
بھارت نے 121 رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو یشسوی جیسوال 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، کے ایل راہول 25 اور سائی سدھرزن 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
قبل ازیں بھارت کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں فالو آن کا شکار ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
دہلی میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے 173 رنز دو وکٹوں کے نقصان کے ساتھ چوتھے روز کے کھیل کا آغاز کیا، جے ڈی کیمپبیل 87 اور سائی ہوپ 66 رنز کے ساتھ بیٹنگ کیلئے آئے۔ 212 رنز پر ویسٹ انڈیز کی تیسری وکٹ گری جب کیمپبیل 115 رنز بناکر جڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کی چوتھی وکٹ 271 رنز پر گری جب سائی ہوپ 103 رنز بنانے کے بعد محمد سراج کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد تیون املاچ 12 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
روسٹن چیز نے 40 رنز بنائے، کھارے پیرے 0، جومیل واریکن 3، اینڈرسن فلپس 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جسٹن گریوز 50 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ نے 3، 3 محمد سراج نے 2، روندرا جڈیجا اور واشنگٹن سندر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز 518/5 پر ڈکلیئر کی تھی، جس کے جواب میں کیریبین ٹیم 248 رنز پر آل آؤٹ ہوکر 270 رنز کے خسارے سے فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔
بھارت کی جانب سے یشسوی جیسوال 175 اور کپتان شبمن گل ناقابل شکست 129 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔