اسلام آباد: مبینہ پولیس مقابلہ، ڈائریکٹرلینڈ کےقتل میں ملوث ملزمان اپنےہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

دوران تفتیش ملزمان نے احسان الہی کے قتل اور قیصر اشفاق کو زخمی کرنے کا انکشاف کیا،ترجمان اسلام آباد پولیس


ویب ڈیسک October 15, 2025

ڈائریکٹر لینڈ احسان الہی کے قتل میں ملوث ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ تھانہ نون کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں ڈائریکٹر لینڈ احسان الہی کے قتل میں ملوث ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پولیس نے کہا کہ سفاک ملزمان نے بلیو ایریا میں ساتھیوں کی مدد سے ڈائریکٹر لینڈ کو قتل اور قیصراشفاق کو زخمی کیا تھا۔

ملزمان وقوعہ کے بعد روپوش تھے جن کی گرفتاری کی لئے ٹیمیں متحرک تھیں، ملزمان کو تھانہ نون کے علاقے میں دوران چیکنگ گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس نے کہا کہ دوران چیکنگ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ بھی کی جو حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہی،  پولیس نے انتہائی حکمت عملی سے ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کیا تھا۔

پولیس نے کہا کہ پولیس ٹیمیں گرفتار ملزمان عابد یاسین اور ابرار خان کو ان کی نشاندہی پر ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لئے جارہی تھیں، پولیس ٹیمیں جونہی نشاندہی جگہ پر پہنچیں تو اچانک فائرنگ شروع ہوگئی، پولیس ٹیمیں حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہیں۔

پولیس کی دیگر نفری کو بھی موقع پر طلب کیا گیا، صورتحال کنٹرول ہونے پر سرچنگ کی گئی تو دونوں گرفتار ملزمان کی ڈیڈ باڈیز ملیں، ڈیڈ باڈیز کو پوسٹمارٹم کے  لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

وزارت ہاؤسنگ کے ذیلی ادارے ایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر لینڈ کو بلیوایریا میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔

 

مقبول خبریں