کراچی:
کراچی چڑیا گھر میں اذیت ناک زندگی گزارنے والی رانو کو اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق رانو کو صبح 7 بجے کراچی چڑیا گھر سے اسلام آباد روانہ کیا گیا جہاں کمیٹی نے اس کی تربیت، ردعمل اور جسمانی و ذہنی صحت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
منتقلی کے دوران کمیٹی کی رکن اور معروف فلم میکر ماہرہ عمر، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور کراچی زو کی ٹیم نے رانو کی منتقلی کے تمام لمحات کو ریکارڈ کیا۔
رانو کو فیصل ایئر بیس منتقل کیا گیا جہاں سے پاک فضائیہ کے مال بردار طیارے سی ون تھرٹی کے ذریعے اسے اسلام آباد لے جایا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے بعد رانو کا اگلا پڑاؤ گلگت بلتستان ہوگا۔
یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے 14 اکتوبر کو کراچی زو میں مادہ ریچھ رانو کے لئے ناکافی انتظامات سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران زو انتظامیہ کو رانو کو اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں بتایا تھا کہ رانو کو سات برس سے ایک جگہ قید رکھا ہوا ہے۔ رانو کے سر میں کیڑے پڑ چکے ہیں، رانو پنجرے پر اپنا سر مارتی ہے تو وہ اسٹریس میں ہوتا ہے۔
عدالت نے کے ایم سی انتظامیہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ ایسی حالت میں رانو کو کیسے رکھا جاسکتا ہے؟ آپ خود سے اپنے کام کیوں نہیں کرتے؟ ہر کام کے لئے عدالت کے حکم کا انتظار کیوں ہوتا ہے؟ ریچھ کو کہیں اچھی جگہ منتقل کیوں نہیں کرتے؟۔
بعد ازاں عدالت نے کراچی زو انتظامیہ کو 2 روز میں رانو کو اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔