کراچی:
کراچی میں گھات لگائے ملزمان کی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کا نوجوان کارکن جاں بحق ہوگیا، مقتول اورنگی ٹاؤن کے چئیر مین کی سوشل میڈیا کا ممبر تھا ، پولیس نے قتل کے الزمان میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹٓاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ یعقوب آباد شیشہ والی مسجد کے قریب فائرنگ ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 23 سالہ محمد شعیب اقبال ولد محمد اقبال خان کے نام سے کی گئی، فائرنگ نامعلوم افراد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر کی ہے۔
پولیس تحقیقات کر رہی ہے، مقتول پاکستان پیپلز پارٹی کا کارکن اور پیپلز پارٹی کے کارکن و ٹاؤن چئیر مین اورنگی ٹاؤن حاجی جمیل ضیا کی شومل میڈیا ٹیم کا ممبر تھا۔
مقتول چار بھائیوں میں سب سے بڑا تھا ، پیپلز پارٹی کے علاقائی ذمے دار عرفان صدیق کا کہنا ہے کہ یہ ایک سیاسی قتل ہے ہم جانتے ہیں کہ اسے کس نے قتل کیا ہے، قائل کو بہت جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور عدالتوں سے اسے سزا دلائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت شعیب اپنے گھر جا رہا تھا کہ گھات لگائے بیٹھے ملزمان نے ٹارگٹ کر کے فائرنگ کی جس کے نیتجے میں ایک گولی مقتول کے سینے میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ رقم کے لین دین کا تنازع ہے ، مقتول نے اپنے علاقے کے ایک لڑکے سے آلٹو کار خریدی تھی ، جس کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے باقی تھی وہ نہیں دیے گئے تھے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک گھر پر چھاپہ مارا تھا جہاں سے ندیم نامی لڑکے کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں، مقتول کی لاش پولیس کارروائی کے بعد چھیپا ایمبولینس کے ذریعے ایدھی سردخانے سہراب گوٹھ لے جائی گئی۔