میئر کراچی سے تند و تیز سوالات کیوں کیے، تابش ہاشمی نے وضاحت کردی

برائیاں ضرور ہیں لیکن میئر کراچی نے اپنی سیاسی جماعت کی بہترین نمائندگی کی، تابش ہاشمی


ویب ڈیسک November 23, 2025

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے تند و تیز سوالات کرنے پر تابش ہاشمی نے وضاحت کردی۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں تابش ہاشمی نے کچھ عرصہ قبل اپنے شو میں میئر کراچی سے کیے گئے تند و تیز سوالات پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے محبت ہے اس لیے جذبات نکل آئے۔

تابش ہاشمی نے کہا کہ کراچی کے حالات 35 سال سے خراب ہیں، مرتضیٰ وہاب ایک سال پہلے آئے ہیں، سارا الزام ان پر بھی نہیں ڈالا جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ برائیاں ضرور ہیں لیکن میئر کراچی نے اپنی سیاسی جماعت کی بہترین نمائندگی کی، اتنا کریڈٹ تو ان کو دینا چاہیے۔

تابش ہاشمی نے کہا کہ میں کسی کے لیے جھوٹ بولنے جیسے سخت لفظ استعمال نہیں کرتا، وہ میرے مہمان تھے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل تابش ہاشمی نے اپنے شو میں میئر کراچی سے شہر کی حالت زار پر تند و تیز سوالات کیے تھے جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں۔

مقبول خبریں