عمران خان وی آئی پی قیدی ہیں جنہیں دیسی مرغ کا سالن اور ایکسرسائز مشین میسر ہے، طلال چوہدری

ہمیں سہولیات نہ سنائیں، ایک تاریخ دیں جس دن ملاقات کروائیں گے، پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر، سینیٹ میں مکالمہ


نعیم اصغر November 27, 2025
فوٹو : طلال چوہدری/فیس بک

اسلام آباد:

سینیٹ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جیل کھانوں اور سہولیات کی دھوم مچ گئی، طلال چوہدری نے کہا کہ انہیں دیسی مرغ کا سالن اور ورزش کی مشین ملی ہوئی ہے، بتائیں اور کسے یہ سہولت میسر ہے؟

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کا اجلاس سید یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت شروع ہوا تو سینیٹر فیصل جاوید نے کہا بانی پی ٹی آئی کو کئی ہفتوں سے قیدی تنہائی میں رکھا جارہا ہے، وکلاء اور فیملی کو بھی ملنے نہیں دیا جارہا۔

سینیٹر فیصل جاوید کے سوال پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کی تاریخ کے سب سے وی آئی پی قیدی ہیں جنہیں دیسی مرغا اور ایکسرسائز مشین جیسی سہولیات میسر ہیں، ملاقاتیں جیل مینوئل کے مطابق ہی ہوں گی۔

طلال چوہدری کے بیان پر ایوان میں پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے شور شرابہ شروع کردیا۔

پی ٹی آئی کے ایوان میں پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہمیں سہولیات نہ سنائیں، ایک تاریخ دیں جس دن ملاقات کروائیں گے۔ اس کے بعد وزیرداخلہ نے تو کوئی جواب نہ دیا۔

سینٹ میں پریذائیڈنگ افسر سینیٹر شہادت اعوان نے ایجنڈے کی کارروائی آگے بڑھانے کی بات کی تو علی ظفرنے کہا جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات والا معاملہ حل نہیں ہوتا وہ قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی کے شور شرابے میں اجلاس کی کارروائی کل تک ملتوی کردی گئی۔

مقبول خبریں