ارشد ندیم نے نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا

اولمپک گولڈ میڈلسٹ نے 81.81 میٹر دور نیزہ پھینک کر شرکا پر واضح سبقت حاصل کی


زبیر نذیر خان December 08, 2025

کراچی:

اولمپک ریکارڈ ہولڈر گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے 35 ویں نیشنل گیمز میں جیولن تھرو ایونٹ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔

پاکستان واپڈا کی نمائندگی کرنے والے ارشد ندیم نے81.81 میٹردور نیزہ پھینک کر شرکا پر واضح سبقت حاصل کی۔

ارشد ندیم کے قریبی حریف اور اسلامی یکجہتی گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والے یاسر سلطان نے70.77 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسری پوزیشن لیکر سلورمیڈل پر قبضہ کیا، یاسر سلطان کا تعلق بھی پاکستان واپڈا سے ہے۔

پاکستان آرمی کے محمد ابرار نے 68۔67 میٹر دور نیزہ پھینک کر تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل پر قبضہ جمالیا۔

اولمپین ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا، ارشد ندیم نے گزشتہ سال کوئٹہ میں ہونے والے 34 ویں نیشنل گیمز میں78.01 میٹرز دور نیزہ پھینک کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

ارشد ندیم پہلے ہی اگلے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، جیولن تھرو کے پہلے مرحلے میں 16 ایتھلیٹ شریک ہوئے جن میں سے 8 نے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔

ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 78.4 میٹر دور نیزہ پھینکا، ارشد ندیم کی دوسری تھرو 77.77 میٹرز رہی، ارشد ندیم نے تیسری تھرو میں 81.81 میٹر دور نیزہ پھینکا۔

گولڈ میڈل جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپین ارشد ندیم نے کہا کہ اگر انجریز سے بچا رہا تو مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کروں گا، خواہش ہے کہ اگلے لاس اینجلیس اولمپک 2028 میں اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کروں۔

انہوں نے کہا کہ انجری سے بچنے کے لیے نیشنل گیمز میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ نہیں کیا، مقابلوں میں شرکت کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا، حکومت کی جانب سے ملنے والی سہولیات پر کافی مسرور ہوں، ایونٹ میں پاکستان نیوی کے نمائندگی کرنے والے چھوٹے بھائی کی کارکردگی سے بہت خوش ہوا، امید ہے کہ کھیلوں کی اسی طرح سے سرپرستی کی جاتی رہے گی۔

اولمپین ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ ارشد ندیم مکمل طور پر فٹ رہیں اور مزید کسی انجری کا شکار نہ ہوں، ارشد ندیم نے بھرپور محنت کی، جس کا ثمر مل رہا ہے، پی ایس بی نے قانونی تقاضے پورے کیے، میں انصاف ملنے پر بہت خوش ہوں، امید ہے کہ اولمپین ارشد ندیم  آئندہ بھی ملک اور قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

مقبول خبریں