لاہور:
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میں کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر کے مساوی کرنے کی آئینی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے فہمید نواز انصاری ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں وزیراعظم سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ آپ کی درخواست ہائیکورٹ میں قابلِ سماعت نہیں، درخواست کو داخل دفتر کرنے کیلئے حکم جاری کیا جانا ضروری ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست میں کچھ چیزوں کو آپ یہاں چیلنج نہیں کرسکتے۔
درخواست گزار نے درخواست مین موقف اختیار کیا کہ پاکستان برطانوی کالونی رہا ہے اور وہی قوانین یہاں پر لاگو ہیں، عدالتی کیسوں میں بھی امریکہ اور برطانوی عدالتوں کے فیصلوں کو مانا جاتا ہے،
درخواست گزار نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کے قوانین کو بھی پاکستان میں مانا جاتا ہے لہذا پاکستان میں بھی برطانوی اور امریکی لیبر قوانین ہونے چاہئیں۔
درخواستگزار نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ میں کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر مقرر ہے، عدالت پاکستان میں بھی کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر مقرر کرنے کا حکم دے۔