راولپنڈی میں عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کی گی الیکٹرک بسوں کے عملے کی جانب سے مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی لیے راولپنڈی میں بھی ماحول دوست الیکڑک گرین بسوں کا آغاز کیا گیا اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے گزشتہ ماہ افتتاح کیے جانے کے بعد چار مصروف ترین روٹس پر گرین بسیں مکمل لوڈ کے ساتھ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کررہی ہیں۔
حکومت کی جانب سے ان بسوں میں خواتین،بزرگ مسافروں اور چھوٹے بچوں سمیت اسٹوڈنٹس کے لیے سفر فری رکھا گیا ہے۔
اسی طرح میڑو بس کی طرح بسوں کو چلانے کے لیے سروسز آؤٹ سورس کی گی ہیں، اس دوران سفر ایک مسافر نے بس میں مسافروں سے کرائے کہ مد میں رقم لیکر انھیں ٹکٹ یا رسید نہ دیے جانے کی وڈیو بناکر وائرل کی تو پنجاب کی سطح سے اس کا سخت نوٹس لیا گیا۔
معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے لیاقت باغ مری روڈ پر آپریشنل بس کو روک کر مسافروں سے کرایہ ادا کرنے کے متعلق دریافت کیا گیا تو انھوں نے کرایہ ادا کرنے کہ تصدیق کی لیکن جب ان سے ٹکٹ دیکھانے کے لیے کہا گیا تو مسافروں نے چیکنگ کرنے والی ٹیم کو بتایا کہ بس کے عملے نے انھیں ٹکٹ نہیں دیا۔
اس پر چیکنگ ٹیم کے سربراہ اظہر نواب نے تھانہ سٹی کو مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایاکہ ٹیم کے ساتھ لیاقت باغ روڈ پر الیکڑک بس ای وی 24 کو روک کر مسافروں کے ٹکٹ چیک کیے تو انکشاف ہوا کہ بس کنڈیکٹر مسافروں سے کرایہ تو وصول کررھا تھا لیکن انھیں کسی قسم کا ٹکٹ یا رسید نہیں دے رھا تھا۔
کنڈیکٹر نے کرایہ وصول کرکے ٹکٹ یا رسید جاری نہ کرکے اور کھاتے میں ظاہر نہ کرکے امانت میں خیانت کا مرتکب ہوا ہے، لہذا اس کے خلاف مزکورہ دفعات سمیت موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔
تھانہ سٹی پولیس نے کنڈیکٹر حیدر علی کے خلاف دفعہ 409 اور موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔