کاسمیٹک سرجری نے 34 سالہ خاتون کی جان لے لی

اسپتال والوں نے ابھی تک آپریشن کے بعد کی پیچیدگیوں کی وضاحت نہیں کی، بہن کا الزام


ویب ڈیسک December 19, 2025

ترکیہ میں کاسمیٹک سرجری کروانے والی 34 سالہ برطانوی خاتوں دو روز بعد ہی ہلاک ہوگئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق صوفی ہنٹ 9 مارچ 2022 کو تین بار کارڈیک اریسٹ کا شکار ہوئیں اور بالآخر موت کے منہ میں چلی گئیں۔

ان کی موت استنبول کے ایک نجی اسپتال میں برازيلین بٹ لفٹ (بی بی ایل) اور ٹمی ٹک کے آپریشن کروانے کے دو دن بعد ہوئی۔

صوفی کے اہلخانہ نے نارتھمپٹن کی عدالت میں انکشاف کیا کہ انہیں تشویش تھی کہ صوفی آپریشن کے لیے مکمل طور پر صحت مند نہیں تھیں۔

صوفی کی بہن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر صوفی نے آپریشن نہ کروایا ہوتا، تو وہ ابھی زندہ ہوتی۔ اسپتال نے ابھی تک آپریشن کے بعد کی پیچیدگیوں کی وضاحت نہیں کی ہے اور کوئی بھی بتا نہیں سکا کہ آخر کیا ہوا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ صوفی کو آپریشن کے بعد استنبول کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کی موت واقع ہوئی۔

ان کی والدہ نے عدالت میں کہا کہ صوفی کا خون کا دباؤ کم تھا اور اس کے ای سی جی میں غیر معمولی اشارے بھی ملے۔

عدالت نے کہا کہ چونکہ صوفی کا انتقال غیر ملکی اسپتال میں ہوا تھا، اس لیے ان کے پاس مکمل تحقیقات کا اختیار نہیں ہے۔

تاہم رپورٹ میں کہا گیا کہ صوفی کی موت آپریشن کی پیچیدگیوں کی وجہ سے ہوئی۔

مقبول خبریں