نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے 575 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈین اوپنرز نے ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کردیا۔
ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 110 رنز بنالیے ہیں۔
برینڈن کنگ 55 اور جون کیمپبیل 45 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے دوسرے روز 334 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی گئیں۔
ڈیوون کونوے نے ڈبل سنچری مکمل کی اور 227 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ رچن رویندرا 72 اور اعجاز پٹیل 30 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
کین ولیمسن 31، گلین فلپس 29، جیکب ڈفی 17، ڈیرل مچل 11، ٹام بلنڈیل 4 اور زیک فولکس ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ کھیل کے پہلے روز کیوی کپتان نے 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز، اینڈرسن فلپ اور جسٹن گریوز نے 2، 2 جبکہ کیمار روچ اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔