2025 میں بالی ووڈ نے ولن کے تصور کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔ اب چیختے، قہقہے لگاتے منفی کرداروں کا دور پیچھے رہ گیا ہے اور ان کی جگہ خاموش، پُراسرار اور ذہنی طور پر خوف طاری کرنے والے ولن سامنے آ چکے ہیں۔
اس تبدیلی کا سہرا جے دیپ اہلاوت، ریتیش دیش مکھ، نوازالدین صدیقی، اکشے کھنہ اور ارجن رام پال جیسے باصلاحیت اداکاروں کے سر جاتا ہے، جنہوں نے اپنے کرداروں سے ناظرین کو چونکا دیا۔
گزشتہ برس ارجن کپور نے سنگھم اگین میں خطرناک لنکا کا کردار ادا کرکے ولن کے نئے رجحان کی بنیاد رکھی، جب کہ شیطان میں آر مادھون نے ثابت کیا کہ سب سے خوفناک ولن وہ ہوتا ہے جو بظاہر پُرسکون نظر آئے۔ ان اداکاروں نے یہ دکھایا کہ اچھائی اور برائی کے درمیان لکیر کتنی باریک ہوسکتی ہے۔
آج کے سنیما میں ولن کی تعریف بدل چکی ہے۔ اونچی آواز اور بناوٹی اداکاری کی جگہ اب گہری نظریں، قابو میں رکھی ہوئی شدت اور خاموش خطرہ لے چکا ہے، جو کرداروں کو زیادہ حقیقی اور خوفناک بنا دیتا ہے۔
اکشے کھنہ: دھرندھر
فلم دھرندھر میں رحمان ڈکیت کے کردار میں اکشے کھنہ نے ثابت کیا کہ وہ بالی ووڈ کے بہترین اداکاروں میں سے ایک کیوں سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی خاموشی، مضبوط اسکرین پریزنس اور پُراعتماد تاثرات نے کردار کو انتہائی ہولناک بنا دیا۔ بغیر چیخے چلائے اکشے نے ایسی دہشت پیدا کی جو دیر تک ذہن میں رہتی ہے۔

ارجن رام پال: دھرندھر
اسی فلم میں ارجن رام پال نے آئی ایس آئی میجر اقبال المعروف ’’اینجل آف ڈیتھ‘‘ کا کردار نبھایا۔ سنہری دانت، گھنی داڑھی اور فولادی تاثرات کے ساتھ ان کی موجودگی نے ناظرین پر گہرا اثر چھوڑا۔ کبھی رومانوی ہیرو سمجھے جانے والے ارجن رام پال نے اس کردار سے جدید بالی ووڈ ولن کی نئی پہچان بنا دی۔

ریتیش دیش مکھ: ریڈ 2
ریڈ 2 میں ریتیش دیش مکھ نے اپنی مزاحیہ شبیہ سے ہٹ کر ایک ٹھنڈے اور حساب کتاب سے چلنے والے ولن کا کردار ادا کیا۔ طاقت، اثر و رسوخ اور سازش کے ذریعے کھیلنے والا یہ کردار اجے دیوگن کے آئی آر ایس افسر کے مقابلے کو مزید سنسنی خیز بنا دیتا ہے۔ ریتیش نے ثابت کیا کہ خاموشی بھی خوف کی علامت بن سکتی ہے۔

جے دیپ اہلاوت: جیول تھیف، دی ہیسٹ بیگنز
جے دیپ اہلاوت نے جیول تھیف میں ایک ذہین اور خطرناک مجرم کا کردار نبھایا۔ ان کی اداکاری میں ذہانت، جوش اور غیر متوقع پن شامل ہے، جو فلم کو ایک سنجیدہ ذہنی جنگ میں بدل دیتا ہے۔ ان کی مضبوط اسکرین پریزنس اس ہیسٹ ڈرامے کو خاص بناتی ہے۔

نوازالدین صدیقی: تھما
فلم تھما میں نوازالدین صدیقی نے ایک بار پھر منفی کردار میں جان ڈال دی۔ ان کا ولن محض برائی کی علامت نہیں بلکہ جذباتی پیچیدگی اور اندرونی کشمکش کا شکار ایک انسان ہے۔ یہی گہرائی اس کردار کو بیک وقت خوفناک اور دلچسپ بناتی ہے۔

ان تمام اداکاروں نے ثابت کردیا کہ جدید بالی ووڈ میں ولن صرف شور شرابہ نہیں، بلکہ خاموشی، دبی ہوئی شدت اور پُراسرار سکون بھی ناظرین کو خوف میں مبتلا کرنے کے لیے کافی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 2025 کے یہ ولن طویل عرصے تک یاد رکھے جائیں گے۔