رونالڈو نے سعودی عرب میں پرتعیش ولاز خرید لیے، قیمت ہوش اڑا دے گی

یہ رہائش گاہیں نجی جزیروں پر قائم ہیں اور ساحل سے تقریباً 26 کلومیٹر دور واقع ہیں


اسپورٹس ڈیسک December 23, 2025

عالمی شہرت یافتہ لیجنڈ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی ساتھی جارجینا روڈریگز نے سعودی عرب میں دو پرتعیش ولاز خرید لیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال سے تعلق رکھنے والے کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی ساتھی جارجینا روڈریگز نے ریڈ سی انٹرنیشنل منصوبے کے زیر انتظام نوجوما، رِٹز کارلٹن ریزرو میں دو پرتعیش ولاز خرید لیے ہیں۔

یہ رہائش گاہیں ریڈ سی ریزیڈنسز کا حصہ ہیں، جو نجی جزیروں پر قائم ہیں اور زمین سے تقریباً 26 کلومیٹر دور واقع ہیں، جہاں صرف کشتی یا سمندری جہاز کے ذریعے ہی رسائی ممکن ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

نوجوما میں مجموعی طور پر 19 مکمل طور پر علیحدہ ولاز موجود ہیں، جنہیں رازداری، سکون اور قدرتی ماحول سے قربت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے اس مقام کو ہر لحاظ سے غیرمعمولی قرار دیا اور کہا کہ پہلی ہی آمد پر انہیں اور جارجینا کو اس جزیرے کی فطری خوبصورتی سے خاص لگاؤ محسوس ہوا۔

جوڑے نے ایک تین بیڈ روم والا اور ایک دو بیڈ روم والا ولا خریدا ہے جس کے ساتھ وہ اس ریزورٹ کے ابتدائی مالکان میں شامل ہو گئے ہیں۔

اس سرمایہ کاری کے ذریعے انہیں مکمل پرائیویسی اور آرام میسر ہوگا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

رپورٹس کے مطابق ریڈ سی انٹرنیشنل میں ایک ولا کی کم از کم قیمت 15.5 ملین سعودی ریال (تقریباً ایک ارب 15 کروڑ روپے) سے زائد ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ رونالڈو نے دونوں ولاز کی کتنی قیمت ادا کی ہے۔

ریڈ سی انٹرنیشنل کے سی ای او جان پیگانو کے مطابق رونالڈو کی خریداری اس مقام کی منفرد کشش کی عکاس ہے، جہاں لگژری، فطرت اور پائیداری کا حسین امتزاج پیش کیا گیا ہے۔

یہ منصوبہ 2040 تک مثبت ماحولیاتی اثرات کے ہدف کے تحت مکمل طور پر قابلِ تجدید توانائی پر مبنی ہے، جبکہ یہ مقام مشہور شخصیات اور نجی چھٹیاں گزارنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک مثالی انتخاب سمجھا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں