کراچی:
ہیڈ کوچ وہاب ریاض نے اپنے معاونین کے ساتھ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں کی بھرپور تربیت کا بیڑا اٹھا لیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے معاون عملہ کی مدد سے منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل پرفارمنس سینٹر پردورہ جنوبی افریقہ کے لیے مدعو35 ویمن کرکٹرز کو کھیل کے رموز سے آگاہی فراہم کی، کیمپ چار ہفتہ تک جاری رہے گا۔
قبل ازیں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا عمل مکمل ہوا، منگل کو تربیت کے مختلف مراحل ہوئے جن میں باہمی میچز، فٹنس، فیلڈنگ،بولنگ اور بولنگ کی تربیت شامل رہی، کھلاڑیوں نے بولنگ میشن کے ساتھ خصوصی طور پر بنائی جانے والی پچ پر بیٹنگ کی مشقیں کیں۔
اسکلز و فٹنس کیمپ میں وہاب ریاض کی زیر نگرانی عمران فرحت بیٹنگ کوچ اور اقبال امام ان کے نائب ہیں، اسپن کوچ عبدالرحمان کی معاونت طاہرخان کر رہے ہیں، عمیر فاسٹ بولنگ کوچ اورعبدالمجید فیلڈنگ کوچ جبکہ نثار دلاور اسٹنگ کوچ کی زمہ داریاں نبھا رہے ہیں، ڈاکٹر تحریم اور ڈاکٹر شرخشاہ فزیو ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ویمن ون ڈے ٹورنامنٹ کی نمایاں35 کھلاڑیوں کوطلب کیا گیا ہے، کیمپ میں شرکا کی فٹنس اور مہارتوں میں بہتری لانے کے ساتھ پریکٹس میچز بھی ہوں گے۔
کیمپ کے دوران دورہ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ اسکواڈ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا،10 فروری سے یکم مارچ تک ہونے والےدورہ میں قومی ویمن ٹیم 3 ونڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیرز کھیلے گی