لیونل میسی کی بہن کی شادی کیوں ملتوی ہوئی؟ افسوسناک تفصیلات سامنے آگئیں

ماریا سول کی شادی 3 جنوری کو ارجنٹائن کے شہر روزاریو میں طے تھی


اسپورٹس ڈیسک December 24, 2025

عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کی بہن ایک سنگین ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئیں، جس کے باعث انہیں اپنی آئندہ ماہ ہونے والی شادی ملتوی کرنا پڑ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ امریکا کے شہر میامی میں پیش آیا، جہاں ماریا سول میسی گاڑی چلاتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھیں اور گاڑی دیوار سے ٹکرا گئی۔

ارجنٹائن کے معروف صحافی اور میزبان اینخل ڈی بریتو نے ایک پروگرام میں انکشاف کیا کہ میسی کی والدہ سیلیا کوچیتینی نے تصدیق کی ہے کہ ماریا سول اب خطرے سے باہر ہیں، تاہم انہیں طویل بحالی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

حادثے میں انہیں ریڑھ کی ہڈی کے فریکچر، ایڑی اور کلائی کی ہڈی ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ جلنے کے زخم بھی آئے ہیں، جو علاج کے لحاظ سے خاصے پیچیدہ سمجھے جاتے ہیں۔

اینخل ڈی بریتو کے مطابق ماریا سول کی شادی 3 جنوری کو ارجنٹائن کے شہر روزاریو میں طے تھی، لیکن صحت کی صورتحال کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا ہے۔

وہ ان دنوں روزاریو میں ہی بحالی کا عمل شروع کر چکی ہیں۔

ابتدائی طور پر حادثے کی نوعیت کے بارے میں مختلف اطلاعات سامنے آئیں، تاہم بعد میں خاندان نے واضح کیا کہ وہ گاڑی چلاتے ہوئے بے ہوش ہو گئی تھیں۔

واضح رہے کہ ماریا سول میسی کی شادی انٹر میامی انڈر 19 ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے رکن جولین تولی ارییانو سے طے تھی۔

مقبول خبریں