سردیوں کا موسم گرم مشروبات، تہواروں اور خوشگوار فضاؤں کا پیغام لاتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ایک سنجیدہ مسئلہ بھی جنم لیتا ہے: آلودگی۔ خاص طور پر بڑے شہروں میں سردیوں کے دوران فضائی آلودگی نہ صرف سانس لینے میں دشواری پیدا کرتی ہے بلکہ ہماری جلد کو بھی خاموشی سے نقصان پہنچاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سردیوں کی آلودگی جلد کو وقت سے پہلے بوڑھا، بے رونق اور حساس بنا سکتی ہے۔
کیا سردیوں میں جلد کے مسائل بڑھ جاتے ہیں؟
سردیوں میں درجۂ حرارت کم ہونے کے ساتھ ہوا میں باریک آلودہ ذرات زیادہ دیر تک موجود رہتے ہیں، جو آسانی سے جلد سے ٹکرا جاتے ہیں۔ ماہرِ امراضِ جلد کے مطابق، ہماری جلد قدرتی حفاظتی دیوار کا کام کرتی ہے، لیکن سرد موسم اور زہریلے ذرات اس حفاظتی نظام کو کمزور کر دیتے ہیں۔
خشک ہوا کے باعث جلد اپنی قدرتی نمی کو کھو دیتی ہے، جس سے خشکی، جلن اور حساسیت بڑھ جاتی ہے۔ اس دوران جلد بیرونی کیمیکلز کے لیے زیادہ کمزور ہو جاتی ہے۔
آلودگی جلد کو بوڑھا کیوں بناتی ہے؟
بین الاقوامی سائنسی جرنلز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق PM2.5 جیسے آلودہ ذرات جلد میں اس وقت زیادہ آسانی سے داخل ہو جاتے ہیں جب اس کی حفاظتی تہہ متاثر ہو۔ اس عمل کے نتیجے میں فری ریڈیکلز پیدا ہوتے ہیں جو آکسیڈیٹو اسٹریس کا باعث بنتے ہیں۔
وقت کے ساتھ یہ نقصان جلد کی ساخت کو متاثر کرتا ہے، جس کے نتیجے میں جھریاں، جلد کا لٹکنا، رنگت کا غیر یکساں ہونا اور بے رونقی نمایاں ہوجاتی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق، آلودگی کے دنوں میں چہرے پر میلزمہ اور سیاہ دھبے بڑھنے کے کیسز بھی زیادہ دیکھے گئے ہیں۔
سردیوں میں جلدی بیماریاں کیوں بگڑ جاتی ہیں؟
اگر کسی کو پہلے ہی مہاسے، ایگزیما یا روزیشیا جیسے مسائل ہوں تو سردیوں کی آلودگی انہیں مزید خراب کرسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سرد ہوا، آلودگی اور سردیوں میں بھی موجود الٹرا وائلٹ شعاعیں مل کر جلد میں سوزش کو بڑھا دیتی ہیں۔
خاص طور پر شہری علاقوں میں رہنے والے افراد، جنہیں ٹریفک، دھوئیں اور طویل سفر کا سامنا ہوتا ہے، ان کی جلد زیادہ تھکی ہوئی اور عمر سے زیادہ بڑی نظر آنے لگتی ہے۔
ماہرِ جلد کی تجویز کردہ اسکن کیئر روٹین
سردیوں میں آلودگی کے اثرات کم کرنے کے لیے ایک سادہ مگر مؤثر اسکن کیئر روٹین ضروری ہے۔ ماہرین جلد کے مطابق، سب سے پہلا قدم نرم اور سلفیٹ فری کلینزر سے جلد کو اچھی طرح صاف کرنا ہے، خاص طور پر رات کے وقت۔
آلودگی کے ذرات، میک اپ اور سن اسکرین کے ساتھ جلد پر چپک جاتے ہیں، اس لیے ان کا مکمل صفایا جلد کی صحت کے لیے بے حد اہم ہے۔
نمی اور غذائیت کیوں ضروری ہے؟
سردیوں میں جلد کو نمی کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے موئسچرائزرز استعمال کریں جن میں ہائیلورونک ایسڈ اور سیرامائیڈز شامل ہوں، کیونکہ یہ جلد میں نمی برقرار رکھنے اور اس کی حفاظتی تہہ کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
اس کے ساتھ وٹامن سی، نیاسینامائیڈ اور ریزویراٹرول جیسے اینٹی آکسیڈنٹس آلودگی سے پیدا ہونے والے فری ریڈیکلز کے خلاف ڈھال بنتے ہیں اور کولیجن کی صحت کو سہارا دیتے ہیں۔ ماہرین اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ سردیوں میں بھی سن اسکرین کا استعمال ترک نہ کیا جائے، کیونکہ سورج کی شعاعیں اب بھی جلد کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
جلد کو تروتازہ بنانے کے جدید علاج
روزمرہ کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ، ماہرین کچھ جدید کلینیکل ٹریٹمنٹس کی بھی تجویز دیتے ہیں۔ روشنی پر مبنی جدید علاج، جیسے Harmony XL Pro، جلد کی ساخت بہتر بنانے، کولیجن بڑھانے اور سیاہ دھبے کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
ماہرین جلد کے مطابق، یہ علاج سردیوں میں جلد کو بغیر طویل آرام کے دوبارہ جوان بنانے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
کیا خوراک واقعی جلد پر اثر انداز ہوتی ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’’جیسا کھائیں گے، ویسی ہی جلد پائیں گے۔‘‘ سردیوں میں اینٹی آکسیڈنٹس اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذائیں، جیسے بیریز، اخروٹ اور مچھلی، جلد کی سوزش کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
پانی کا مناسب استعمال بھی نہایت ضروری ہے، کیونکہ جسم میں پانی کی کمی جلد کو خشک اور بے جان بنا دیتی ہے۔ اس کے علاوہ گھروں میں ہوا کو نم رکھنے اور ایئر پیوریفائر کے استعمال سے آلودہ ذرات کم کیے جا سکتے ہیں، جو نیند کے دوران جلد کی مرمت میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
سردیوں کی آلودگی اگر نظر نہ بھی آئے تو اس کے اثرات جلد پر واضح ہو سکتے ہیں۔ بروقت احتیاط، درست اسکن کیئر، صحت مند خوراک اور ماہرین کی رہنمائی سے نہ صرف جلد کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے بلکہ سرد موسم میں بھی اسے تروتازہ اور چمکدار بنایا جا سکتا ہے۔