اسلام آباد:
اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی سہولت کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں 2 دن کا اضافہ کیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اب کا غذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2025ء مقرر کی گئی ہے۔
بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کا نیا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے، پولنگ 15 فروری 2026 اتوار کو ہوگی۔
نئے شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی 22 دسمبر تا 30 دسمبر 2025 جمع کروائے جا سکیں گے، امیدواروں کے ناموں کی اشاعت 31 دسمبر 2025 تک ہوگی جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال یکم جنوری تا 6 جنوری 2026 تک ہوگی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 7 جنوری تا 10 جنوری 2026 ہو سکیں گی۔
جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق اپیلوں پر فیصلے 12 جنوری تا 15 جنوری 2026 تک ہوں گے، امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست کی اشاعت 16 جنوری 2026 تک ہوگی۔
امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 7 جنوری 2026 جبکہ انتخابی نشانات الاٹ کرنے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 19 جنوری 2026 کو ہوگی۔
پولنگ ڈے 15 فروری 2026 (اتوار) کو طے کیا گیا ہے، نتائج کی تیاری و نتائج کو ترتیب دے کر حتمی شکل دینے کا عمل 16 تا 19 فروری 2026 تک مکمل کیا جائے گا
واضح رہے کہ اس سے قبل پہلے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 27 دسمبر تھی۔