شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، ترجمان موٹر وے


ویب ڈیسک December 29, 2025

لاہور:

سینٹرل ریجن میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم۔2 لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کے باعث بند ہے، جبکہ موٹروے ایم۔3 فیض پور سے درخانہ تک اور موٹروے ایم۔4 پنڈی بھٹیاں سے خانیوال تک دھند کے سبب بند کر دی گئی ہے۔

اسی طرح لاہور۔سیالکوٹ موٹروے ایم۔11 بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

قومی شاہراہ پر لاہور، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال کے علاقوں میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے، جبکہ چیچہ وطنی، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں بھی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ بعض مقامات پر قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ 0 سے 100 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے روڈ یوزرز کو لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، جبکہ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔

ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تیز رفتاری نہ کریں اور آگے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

ترجمان کے مطابق رہنمائی اور مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ موٹروے پولیس سنٹرل ریجن صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

مقبول خبریں