الیکشن میں دھاندلی کیخلاف احتجاج کیلئے یوٹیوب دیکھ کر بم بنانے والا شخص گرفتار

پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ملزم کو ضمانت پر رہا نہیں کیا جانا چاہیے اس کے اقدامات عوامی سلامتی کے لیے شدید خطرہ تھے


ویب ڈیسک December 29, 2025

امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹی کے ہیڈکوارٹرز کے باہر پائپ بم رکھنے کے الزام میں گرفتار ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے، تاہم اس کا کہنا ہے کہ وہ کسی کو ہلاک نہیں کرنا چاہتا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ورجینیا سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ برائن کول جونیئر کو رواں ماہ گرفتار کیا گیا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے 5 جنوری 2021 کو ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی اور ری پبلکن نیشنل کمیٹی کے دفاتر کے باہر دستی ساختہ پائپ بم نصب کیے تھے، جو خوش قسمتی سے پھٹ نہ سکے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ اس نے یہ قدم 2020 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے اٹھایا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ یوٹیوب اور ریڈٹ پر ویڈیوز دیکھنے کے بعد شدید ذہنی الجھن کا شکار ہوگیا تھا اور اسے لگا کہ “کسی کو تو بولنا چاہیے”۔

ملزم نے ایف بی آئی کو بتایا کہ وہ اس بات پر خوش تھا کہ بم دھماکے سے نہیں پھٹے کیونکہ وہ کسی کی جان لینا نہیں چاہتا تھا۔ اس نے کہا کہ اس نے رات کے وقت بم اس لیے رکھے تاکہ کسی کو نقصان نہ پہنچے، البتہ وہ چاہتا تھا کہ اس واقعے کی خبر سامنے آئے۔

امریکی حکام کے مطابق برائن کول نے بم بنانے کا طریقہ یوٹیوب پر موجود سائنسی ویڈیوز اور دیگر آن لائن مواد سے سیکھا۔ اس نے بتایا کہ بم میں استعمال ہونے والا سامان ایک مقامی اسٹور سے خریدا گیا تھا۔

فیڈرل پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ملزم کو ضمانت پر رہا نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ اس کے اقدامات عوامی سلامتی کے لیے شدید خطرہ تھے۔ ان کے مطابق یہ عمل اچانک نہیں بلکہ کئی ہفتوں کی منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا۔

ملزم کے وکلا کا مؤقف ہے کہ برائن کول شدید آٹزم کا شکار ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال عدالت میں تفصیلی مؤقف جمع نہیں کرایا گیا۔ کیس کی مزید سماعت جاری ہے۔

مقبول خبریں