کراچی میں کھلے مین ہول کے اندر گر کر ایک اور کمسن بچہ جاں بحق

کورنگی مہران ٹاؤن میں 8 سالہ دلبر کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوا، سیاسی پوائنٹ اسکورننگ کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی


ویب ڈیسک December 29, 2025
—فائل فوٹو

شہر قائد میں ایک اور کمسن بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر 6 جی میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث ایک بچہ گٹر میں گرکر جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی شناخت دلبر علی کے نام سے ہوئی جو گھر کے قریب کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گرا۔

حادثے کے وقت علاقہ مکینوں نے بروقت اقدامات کر کے بچے کو باہر نکالا تاہم وہ زندہ نہ بچ سکا، جس کے بعد ریسکیو حکام نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متوفی کے نانا نے بتایا کہ دلبر ماں باپ کا اکلوتا بچہ تھا، بچے کے والد مزدوری کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے کے سارے گٹر کھلے ہوئے ہیں۔

متوفی کے خالو نے بتایا کہ میں پڑوس میں ہی کام کرتا ہوں، واقعے کے بعد بچے کے باپ اور میں نے معصوم کو نکالا، میں رسہ باندھ کر گٹر میں اترا تھا۔

کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن سیکٹر 6 جی میں کھلے مین ہول میں گر کر کمسن بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد موقع پر پہنچے جہاں انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میں یہاں پر سیاست کرنے نہیں آیا ہوں ، ٹاؤن چیئرمین کو ساتھ لانے کے لیے انھیں فون کیا مگر وہ حیدرآباد میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ یوسی چیئرمین کو 10 دن پہلے ہی واٹر کارپوریشن نے گٹر کے 10 ڈھکن دیئے تھے، سرکاری اہلکار ذمے دار ہو یا منتخب نمائندے سخت سزا دی جائے گی۔ عبداللہ مراد نے کہا کہ یہ ٹاؤن پیپلز پارٹی کا نہیں ہے مگر جاں بحق ہونے والا بچہ ہمارا بیٹا ہے اور ہم ہم لاشوں پر سیاست نہیں کرینگے تاہم ذمہ داروں کا تعین کر کے انھیں سزا دینگے۔

انھوں نے بتایا کہ یو سی چیئرمین کا تعلق بھی پی ٹی آئی سے ہے، ٹاؤن چیئرمین اور یو سی چیئرمین کا تعلق پیپلز پارٹی سے نہیں ہے لیکن ہم اس پر سیاست نہیں کرینگے۔

نیپا واقعے پر جس طرح ایکشن لیا گیا اس واقعے میں بھی ایسا ہی کیا جائیگا جبکہ گٹر کے ڈھکن کے لیے ہر یو سی کو ایک لاکھ روپے دیے گئے۔

دریں اثنا کھلے میں ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے 8 سالہ دلبر علی کی میت ضابطے کی کارروائی کے بعد اس کی رہائش گاہ پہنچا دی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں اس موقع پر کئی رقت انگیر مناظر بھی دیکھنے میں آئے جبکہ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔

شاہ فیصل ٹاون کے چیئرمین گوہر خٹک نے بتایا کہ یہ واقعہ ٹی ایم سی شاہ فیصل ٹاون کی حدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گٹر کے ڈھکن لگانا ٹاون کی نہیں واٹر بورڈ کی ذمہ داری یے ۔

انہوں نے کہا کہ یوسی والے گٹر کے ڈھکن علاقہ میں لگارہے ہیں، اس حادثے پر افسوس ہے، ہماری کوشش یے کہ اس مسئلہ کو حل کریں۔ ٹاؤن چیئرمین نے کہا کہ حکومت ٹاون کو فنڈ دے ہم اس مسئلہ کو حل کردیں گے، گٹر پر سیاست ہم نہیں کرتے ہیں۔

فکس اٹ رضاکاروں اور پیپلزپارٹی کے علاقائی عہدیدارں میں تلخ کلامی

کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن میں کھلے مین ہول میں گرنے سے 8 سالہ دلبر علی کے جاں بحق ہونے پر سماجی تنظیم فکس اٹ گٹر کے رضاکار ڈھکن لے کر جائے وقوعہ پر پہنچے۔

اس موقع پر فکس اٹ کے رضاروں اور پیپلز پارٹی کے علاقائی عہدیداروں کے درمیان تلخی کلامی ہوئی اور کہا گیا کہ یہ پی ٹی آئی کا ٹاؤن ہے جبکہ فکس اٹ بھی پی ٹی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچہ جان سے چلا گیا اس کے بعد گٹر کا ڈھکن قبول نہیں۔

اس موقع پر فکس اٹ کے رضا کاروں کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں ہے ہم سماجی طور پر اپنا کام کرتے ہیں تاہم موقع پر موجود افراد کی جانب سے نعرے بازی اور تلخ کلامی کے پیش نظر ٹکراؤ کی صورتحال سے بچنے کے لیے علاقے میں گٹر کے ڈھکن لگانے آنے والی فکس اٹ کی ٹیم واپس چلی گئی۔

جماعت اسلامی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق متوفی بچے کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی کو یہاں آنا چاہیے تھا کیونکہ یہ انتہائی دلخراش واقعہ ہے جبکہ شہر میں ایسے واقعات تسلسل سے پیش آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں تعزیت کے لیے آئے ہیں ، اس شہر میں اب تک ایسے واقعات می 28 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جب ہم بات کریں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہم سیاست کر رہے ہیں ، حیدر آباد میں 2 بچیاں اسی ہفتے گٹر میں گریں اور آج ایک کراچی میں واقعہ پیش آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یہی سمجھتی ہے کہ اس کی زمہ دار پیپلز پارٹی ہے کیونکہ وہ گزشتہ 17/18 سال سے برسر اقتدار ہے اور ہمیں بات بھی نہیں کرنے دی جاتی ہے، یہ شہر میئر کراچی کی ذمہ داری ہے جبکہ کراچی میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے جا رہے ہیں۔

ایم کیو ایم کا اظہار مذمت

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے بہادرآباد مرکز سے جاری بیان میں کورنگی مہران ٹاؤن میں کھلے مین ہول میں بچے کی ہلاکت پر شدید اظہارِ مذمت کرتے ہوئے اسے صوبائی حکومت، میئر کراچی اور شہری انتظامیہ کی ناکامی قرار دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ معصوم بچے کی جان جانا میئر کراچی اور شہری انتظامیہ کی سنگین غفلت کا نتیجہ ہے، کراچی میں کھلے مین ہولز شہریوں کے لیے موت کے کنویں بن چکے ہیں اسلئے  جماعت اسلامی کے ٹاون ناظمین اور متعلقہ بلدیاتی ذمہ دار اداروں کا فوری محاسبہ اور سخت کارروائی کی جائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ نیپا چورنگی کے واقعے کے بعد آج اس واقعے کا پیش آنا پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کی ناکامی ہے، کھلے مین ہولز فوری بند نہ کیے گئے تو ایسے سانحات بڑھتے رہیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کو فوری مالی معاونت فراہم کی جائے۔

ٹاؤن چیئرمین کی آمد پر بدمزگی

پاکستان تحریک انصاف کے ٹاؤن چیئرمین گوہر خٹک کی آمد پر علاقہ مکینوں نے شور شرابہ کیا جس کے باعث بدمزگی ہوئی۔ ایک گروپ نے پی ٹی آئی جبکہ دوسرے نے میئر کراچی کے خلاف نعرے بازی کی۔

ٹاؤن چیئرمین گوہر خٹک

ٹاؤن چیئرمین گوہر خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 17 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور میئر کراچی واقعے کے ذمہ دار ہیں، 40 سال سے یہاں کچھ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں غلط کہہ رہا ہوں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

ہمیں کسی کی ضرورت نہیں، لواحقین

لواحقین نے جھگڑا اور کشیدگی پھیلانے والے افراد سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی کہ آپ کے رویے اور وجہ سے ہمارا حادثہ جنگ کا میدان بن گیا ہے، ہمیں کسی کی ضرورت نہیں، آپ یہاں سے چلیں جائیں۔

گٹر کی صفائی کے دوران ایک شخص دم گھٹنے سے ہلاک

دریں اثنا ملیر جناح اسکوائر ابراہیم مسجد کے قریب گٹر کی صفائی کے دوران ایک شخص دم گھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔

ایدھی کے مطابق ایمبولینس کے ذریعے لاش قریبی تھانہ ملیر سٹی لے جائے گئی، ہلاک شخص کی شناخت کی کوشش کی جاری ہے جس کی عمر 35 سے چالیس سال کے درمیان ہے

مقبول خبریں