کوئٹہ میں بڑی کارروائی کے دورا 22 کروڑ 63 لاکھ مالیت کا اسمگل شدہ سامان پکڑا گیا

کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے ایف سی نارتھ بلوچستان 78 ونگ کے تعاون سے ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں اشیا برآمد کیں


ویب ڈیسک December 30, 2025
فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے ماتحت ادارے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے انسداد اسمگلنگ کی کارروائی کرتے ہوئے 22 کروڑ 63 لاکھ  روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا۔

 ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے ایف سی نارتھ بلوچستان 78 ونگ کے تعاون سے ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن  کے دوران اسمگل شدہ سامان کی ایک بڑی کھیپ ضبط کی جس کی مجموعی مالیت تقریباً 22 کروڑ 63 لاکھ  روپے  ہے۔

اعلامیے کے مطابق یہ کارروائی اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف کلکٹریٹ کی مؤثر کریک ڈاؤن مہم کا حصہ ہے، ضبط کیے گئے سامان میں 53، کلوگرام چھالیہ، چائنہ  نمک کے 180 تھیلے، پلاسٹک دانہ کے 251 تھیلے، 30 جنریٹر ڈائناموز، 1,600 کلوگرام  زنانہ و مردانہ کپڑے اور دو مسافر بسیں شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ آپریشن مصدقہ  خفیہ اطلاعات  کی بنیاد پر کیا گیا جو اداروں کے مابین مؤثر تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

78 ونگ ایف سی (نارتھ) بلوچستان کی بروقت معاونت نے اس آپریشن کی کامیاب تکمیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف سخت اقدامات کے ذریعے قومی معیشت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

مقبول خبریں