کوئٹہ:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ادارے کسٹمز نے انسداد اسمگلنگ کی کارروائی کرتے ہوئے 36 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کر لیں۔
ایف بی آر کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے بلوچستان پولیس اور فرنٹیئر کور (نارتھ) بلوچستان کی معاونت سے دو کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران اسمگل شدہ سامان کی بڑی کھیپیں ضبط کر لی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ضبط کی گئی اشیا میں غیر ملکی سگریٹس برانڈ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ بھارتی گٹکا، ٹائرز، چھالیہ اور سگریٹ کے کاغذ بھی برآمد کیے گئے ہیں اور برآمد شدہ اشیا کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 36 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔
ایف بی آر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں یہ کارروائیاں اسمگلنگ کی روک تھام اور قومی معیشت کے تحفظ کےلیے کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی مسلسل کوششوں کی عکاس ہیں اور ان کارروائیوں کی کامیابی میں بلوچستان پولیس اور فرنٹیئر کور کی مؤثر رابطہ کاری اور بروقت تعاون نے کلیدی کردار ادا کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایف بی آر اسمگلنگ، غیر قانونی تجارت اور بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔